ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملک بدر کیے گئے 35روسی سفارتکاروں نے امریکہ چھوڑ دیا

ملک بدر کیے گئے 35روسی سفارتکاروں نے امریکہ چھوڑ دیا

Tue, 03 Jan 2017 12:22:14    S.O. News Service

نیویارک،2جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر براک اوباما کی جانب سے امریکہ سے بے دخل کیے جانے والے 35روسی سفارت کاروں نے ملک چھوڑ دیا ہے۔ایک سفارتی اہلکار کا کہنا تھا کہ جہاز میں بے دخل کیا گیا سارا عملہ اور ان کے خاندان سوار ہیں جو اپنے منزل کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔صدر اوباما نے صدارتی انتخاب کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی اور ہلیری کلنٹن کی انتخابی مہم کی ہیکنگ کے الزامات کے بعد روسی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔دوسری جانب نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان الزامات کے حوالے سے مزید معلومات افشا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔روسی خبررساں ادارے تاس نے امریکہ میں روسی سفارتخانے کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ سال نو پر طیارہ واشنگٹن سے پرواز کرچکا ہے۔امریکہ کی طرف سے 35روسی سفارت کاروں کو امریکہ بدر کیے جانے اور روسی انیٹلی جنس اداروں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کے بعد روس کے صدر ولادی میر پوتن نے کہا ہے کہ روس جواباً کسی امریکی سفارت کار کو ملک بدر نہیں کرے گا۔

دوسری جانب امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کی جانب سے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کو وہ معلومات ہیں جو کسی اور کو نہیں ہیں اور وہ منگل یا بدھ کو یہ معلومات منظر عام پر لائیں گے۔انھوں نے کہا کہ میں اس بارے میں پوری یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کیونکہ یہ ایک سنگین الزام ہے۔ اگر آپ وسیع پیمانے پر تباہی کے ہتھیاروں کی بات کریں تو وہ سراسر جھوٹ تھا۔ اس لیے میں بالکل مطمئن ہونا چاہتا ہوں کیونکہ یہ ایک سنگین الزام ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ان کو ہیکنگ کے بارے میں کافی معلومات ہیں۔ ہیکنگ کو ثابت کرنا بہت مشکل ہے۔ اور ہو سکتا ہے کہ ہیکنگ کے پیچھے کوئی اور ہو۔ اور مجھے ایسی باتوں کا علم ہے جو دوسروں کو نہیں ہے اس لیے وہ اس صورتحال کے بارے میں پوری طرح آگاہ نہیں ہیں۔


Share: